08-Sep-2023 حالات حاضرہ پر قطعات
قطعات
جنت میں کوئی مولوی ڈھونڈے نہ پاؤگے
حوروں سے جب کروگے ارادہ نکاح کا
کلمے تو مسلمان کو بچپن سے یاد ہیں
کر لیں یہیں پہ حفظ یہ خطبہ نکاح کا
کما کے درہم و دینار گھر کو جب لوٹے
بتائیں کیا تمہیں بدلا ہوا زمانہ تھا
مری غفوری غفورہ کے ساتھ بھاگ گئی
وہ شاخ ہی نہ رہی جس پہ آشیانہ تھا
آپ کا بھاری لفافہ رائیگاں ہوگا نہیں
آج ہر بزمِ سخن دو آتشہ رکھتا ہوں میں
ایک شاعر نے کہا یہ آپ بلوائیں مجھے
ساتھ اپنے ہر گھڑی اک شاعرہ رکھتا ہوں میں
فیصلوں کا آبا و اجداد کے مارا ہوں میں
آپ میرے ہوں نہ پر آپ کا سارا ہوں میں
بھائی چارے کے لئے اسرار کا کہنا ہے یہ
آپ بھائی ہیں مرے اور آپ کا چارا ہوں میں
پرستش میں ہم اپنی ذات کی کچھ اس طرح گم ہیں
کسی کے راہ سے پتھر ابھی چننا نہیں آیا
سنائے جاتے ہیں من کی کسی کی ہم نہیں سنتے
سنانا آ گیا ہم کو مگر سننا نہیں آیا
احمدعلوی